ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / انتخابی حلقہ سے باہر اسٹار کمپینر کے ہوائی اخراجات نجی انتخابی خرچ نہیں:سپریم کورٹ

انتخابی حلقہ سے باہر اسٹار کمپینر کے ہوائی اخراجات نجی انتخابی خرچ نہیں:سپریم کورٹ

Sun, 28 Aug 2016 18:23:45    S.O. News Service

 

نئی دہلی، 28؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اپنے انتخابی حلقہ سے باہر ہوا ئی سفر پر کسی اسٹار کمپینر کے اخراجات امیدوار کے طور پر اس کے ذاتی انتخابی اخراجات کی شکل میں نہیں جوڑاجائے گا۔جسٹس جے چیلمیشور کی صدارت والی ایک بنچ نے مدھیہ پردیش کے ایک رکن اسمبلی کے خلاف دائر ایک انتخابی عرضی میں درج اخراجات کے پس منظر میں اس بنیاد پر ایک پیراہٹانے کی ہدایت دی کہ اسٹار کمپینر ہونے کے ناطے اسے اپنے انتخابی حلقہ سے باہر بھی سیاسی پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلانی تھی ۔پارٹی نے اسٹار کمپینر کے ناموں کی معلومات الیکشن کمیشن کو دی تھی۔عوامی نمائندگی ایکٹ- 1951کی دفعہ 77کے مطابق ، سیاسی پارٹی کے پروگرام کی تشہیر کے لیے دوروں پر ا سٹار کمپینر کے اخراجات کو اس کے ذاتی اخراجات میں شامل نہیں کیا جاتا۔یہ ہدایت مدھیہ پردیش سے کانگریس ممبر اسمبلی اور آنجہانی سابق مرکزی وزیر ارجن سنگھ کے بیٹے اجے ارجن سنگھ کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلے میں دی گئی ۔چرہٹ اسمبلی حلقہ سے ممبر اسمبلی سنگھ نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا جس میں 2013کے مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں شکست خوردہ بی جے پی امیدوار شاردیندو تیواری کی انتخابی درخواست مسترد کرنے سے انکار کر دیا گیا تھا۔سنگھ نے یہ الیکشن 19356ووٹوں سے جیت لیا تھا۔تیواری نے دلیل دی تھی کہ سنگھ نے اپنا وہ اصلی خرچہ نہیں بتایا ہے جو 20؍نومبر 2013کو ضلع ہیڈکوارٹر سیدھی میں کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی جلسہ عام کے انعقاد کے دوران ہوا تھا۔


Share: